ان دنوں وکی کوشل اور کیٹرینہ کیف کی شادی کے چرچے زوروں پر ہیں۔ جمعہ کی شام وکی کوشل کیٹرینہ کیف کے گھر بھی پہنچے جس سے پتہ چلتا ہے کہ سرگرمیاں کس قدر تیز ہیں۔ شادی کے سلسلے میں دونوں ہی خاندانوں میں تیاریاں اپنے شباب پر ہیں۔ مہمانوں کی فہرست بھی تیار کی جا رہی ہے، لیکن کسی بھی نام کا انکشاف اب تک نہیں ہوا ہے۔ لوگوں یہ جاننے کے لیے بے قرار ہیں کہ کون کون سی مشہور شخصیات اس شادی میں مدعو ہیں۔
وکی کوشل اور کیٹرینہ کیف کی شادی کی گیسٹ لسٹ میں سلمان خان کا نام ضرور ہوگا، لیکن ان سے زیادہ لوگوں کی نظریں دو خاص ناموں پر مرکوز ہیں۔ وہ دو نام ہیں رنبیر کپور اور دیپیکا پادوکون۔ رنبیر اور دیپیکا دراصل کیٹرینہ کیف کی زندگی سے جڑی دو اہم شخصیتیں ہیں۔
کئی برسوں پہلے ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ فلم میں رنبیر اور کیٹرینہ پہلی بار ساتھ نظر آئے تھے اور یہیں سے دونوں کی محبت پروان چڑھی تھی۔ 6 برسوں تک دونوں ریلیشن شپ میں رہے تھے، لیکن یہ رشتہ شادی تک نہیں پہنچ سکا تھا۔ کیٹرینہ سے پہلے رنبیر اداکارہ دیپیکا کو ڈیٹ کر رہے تھے۔ لوگ یہ مانتے ہیں کہ کیٹرینہ کی وجہ سے ہی رنبیر-دیپیکا کا رشتہ ٹوٹ گیا تھا۔ اس کے بعد کیٹرینہ کے دیپیکا کے ساتھ رشتے اچھے نہیں رہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیٹرینہ اپنی شادی میں رنبیر اور دیپیکا کو مدعو کرتی ہیں، یا پھر انھیں نظر انداز کر دیتی ہیں۔