اکشے کمار کی فلم ’بچن پانڈے‘ ہولی کے موقع پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔ فلم بینوں کو اس کا ٹریلو خوب پسند آیا تھا اور وہ اس کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ویسے ’بچن پانڈے‘ کے ٹائٹل کی بات کریں تو یہ ’بچن‘ اور ’پانڈے‘ سے مل کر بنا ہے لیکن اس فلم میں نہ ہی کوئی بچن ہے اور نہ ہی پانڈے۔ حالانکہ ڈائریکٹر فرہاد سامجی نے ایک انکشاف کیا ہے کہ فلم میں ابھشیک بچن اور چنکی پانڈے کا ایک سین تھا لیکن اسے اب ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔

فرہاد سامجی نے بتایا کہ فلم میں ابھشیک بچن اور چنکی پانڈے کے کیمیو کا منصوبہ تھا لیکن یہ نہیں ہو سکا۔ دونوں کا ایک سین فوٹو فارم میں تھا، جب کیرتی اور ارشد بچن-پانڈے کو ڈھونڈتے ہوئے ایک بچے سے پوچھتے ہیں کہ کیا انہوں نے ’بچن پانڈے‘ کو دیکھا ہے، تو وہ ایک میگزین میں ابھشیک بچن اور چنکی پانڈے کی تصویر دکھاتا ہے۔ لیکن یہ سین فلم سے ہٹا دیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں اکشے کمار نے بھی فلم کے ٹائٹل ’بچن پانڈے‘ کے سلسلے میں ایک بات مذاق میں کہی تھی کہ انہیں اس فلم کے ٹائٹل کا انسپریشن ’ہاؤس فُل-4‘ کی پارٹی میں ملا تھا جب ابھشیک بچن اور چنکی پانڈے کو ایک ساتھ کھڑے دیکھا تھا۔ بعد میں اکشے نے ایک انٹرویو میں اپنی اس بات کو مذاق بتاتے ہوئے کہا کہ ’بچن پانڈے‘ ٹائٹل اصل میں ’ٹشن‘ میں میرے ذریعہ ادا کیے گئے بچن پانڈے کے کردار سے لیا گیا ہے۔