شیوسینا ترجمان سنجے راؤت کے ایک بیان نے بی جے پی کی نیند اڑا دی ہے۔ سوموار کو انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں بی جے پی کے ’ساڑھے تین لوگ‘ جیل میں ہوں گے۔ اس حیرت انگیز بیان کے بعد راؤت نے یہ بھی کہا کہ کل (15 فروری) شیوسینا بھون میں 4 بجے ہماری پریس کانفرنس ہوگی۔ اس دوران شیوسینا کے سبھی بڑے لیڈر، اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی موجود رہیں گے۔ حمام میں سب ننگے ہوتے ہیں۔ نیند اڑ گئی ہے ان کی، جو کرنا ہے اکھاڑ لیجیے، میں ڈرنے والا نہیں ہوں۔ شیوسینا لیڈر نے یہاں تک کہہ دیا کہ ہم نے بہت برداشت کیا ہے، اب برباد بھی ہم ہی کریں گے۔

غور طلب ہے کہ سنجے راؤت لگاتار بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ پانچ ریاستوں میں ہو رہے اسمبلی انتخابات کے متعلق بھی انھوں نے بی جے پی کو کمتر قرار دیا ہے۔ 13 فروری کو انھوں نے کہا تھا کہ اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں سماجوادی پارٹی برسراقتدار بی جے پی پر سبقت بنائے ہوئے ہے۔ گوا کے تعلق سے سنجے راؤت نے کہا کہ وہاں ’کھچڑی‘ کی حالت کا سامنا ہے، لیکن کانگریس کو 2012 سے ہی برسراقتدار بی جے پی پر سبقت حاصل ہے۔

واضح رہے کہ اتر پردیش میں 55 اسمبلی سیٹوں اور گوا و اتراکھنڈ کی سبھی اسمبلی سیٹوں پر آج ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اتر پردیش میں یہ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ہے اور اس کے بعد مزید 5 مراحل باقی ہیں۔