اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کے ذریعہ امیدواروں کی فہرست پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ پارٹیوں کے لیے وزیر اعلیٰ کا چہرہ بھی ظاہر ہے، لیکن کچھ پارٹیوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اس درمیان کانگریس کی طرف سے یوپی کے لیے وزیر اعلیٰ چہرہ سامنے آ گیا ہے۔ یہ چہرہ کوئی اور نہیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی ہیں۔ جی ہاں، اس کا اشارہ خود پرینکا نے ایک رپورٹر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے دیا۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس میں خاتون رپورٹر پرینکا سے کہتی ہے کہ ’’آپ نے ابھی تک (وزیر اعلیٰ چہرہ پر) کوئی صاف جواب نہیں دیا۔ آپ کہتی ہیں کہ جب وقت آئے گا تو بتائیں گے۔ یوپی میں وزیر اعلیٰ چہرہ کو لے کر اکثر سوال اٹھتا رہتا ہے۔‘‘ اس پر پرینکا کہتی ہیں ’’آپ کو کسی اور کا چہرہ نظر آتا ہے کیا کانگریس پارٹی کی طرف سے؟‘‘ پھر رپورٹر نے پوچھا ’’تو آپ ہی (وزیر اعلیٰ کا) چہرہ ہیں؟‘‘ جواب میں پرینکا نے کہا ’’دِکھ تو رہا ہے نہ سب جگہ میرا چہرہ۔‘‘

پرینکا نے جو کچھ کہا وہ واضح اشارہ ہے کہ اگر کانگریس کی کارکردگی نے یوپی اسمبلی انتخاب میں حیران کیا تو وہ وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ ویسے بھی کچھ سیاسی ماہرین سماجوادی پارٹی کا ووٹ بڑی تعداد میں کانگریس کی طرف منتقل ہونے کی بات کہہ رہے ہیں۔ یعنی کانگریس کوئی بڑا الٹ پھیر کر سکتی ہے۔