اتر پردیش کی بی جے پی حکومت میں ریلوے اسٹیشنوں، شہروں، ضلعوں، اور سڑکوں کا نام بدلے جانے کے بعد اب وارڈوں کا نام بدلنے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ 30 ستمبر کو لکھنؤ کی میئر سنیوکتا بھاٹیا کی صدارت میں ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں لکھنؤ میونسپل کارپوریشن کے کئی وارڈوں کا نام بدل دیا گیا۔

میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق سنیوکتا بھاٹیا کی صدارت میں ہوئی میٹنگ کے دوران میونسپل کارپوریشن کے جن وارڈوں کا نام بدلا گیا ہے ان میں سب سے اہم فیض اللہ گنج ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فیض اللہ گنج-1 وارڈ کا نام مہارشی نگر وارڈ، فیض اللہ گنج-3 کا نام ڈاکٹر کیشو نگر، اور فیض اللہ گنج-4 کا نام پنڈت دین دیال اپادھیائے نگر رکھا گیا ہے۔ ساتھ ہی حیدر گنج وارڈ-2 کا نام بھی بدل کر بدھیشور رکھ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں جانکی پورم وارڈ نمبر 1 کا نام بھاؤ راؤ دیورس نگر، اور ایودھیا داس وارڈ نمبر 2 کا نام رام پرساد بسمل رکھا گیا ہے۔ بدلے گئے ناموں پر میٹنگ کے درمیان ہی منظوری دے دی گئی۔

غور طلب ہے کہ اس سے پہلے اتر پردیش کی بی جے پی حکومت نے مغل سرائے ریلوے اسٹیشن کا نام بدل کر پنڈت دین دیال اپادھیائے کے نام پر رکھ دیا، اور پھر الٰہ آباد اور فیض آباد جیسے تاریخی شہروں کا نام بدل کر پریاگ راج اور ایودھیا کر دیا۔ مزید کئی شہروں اور اضلاع کے نام بدلنے کی تجویز زیر غور ہے۔