مغربی اتر پردیش کے ضلع سہارنپور کی مشہور قدیم اور دینی درسگاہ مدرسہ فیضان رحیمی مرزاپور پول میں شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے تحت چلنے والے مدرسہ پلس پروگرام کے حفظ القرآن پلس کورس کا آج باضابطہ تعلیمی آغاز ہوا۔ یہ افتتاحی تقریب مدرسہ کے مہتمم مولانا عبد الرشید صاحب مدظلہٗ خلیفہ حضرت سنسارپوریؒ کی زیرسرپرستی منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز سورۂ یٰس کی تلاوت سے ہوا۔ بعدہٗ مفتی محمد واصل صاحب رشیدی گنگوہی استاذ حدیث و فقہ مدرسہ ہٰذا نے طلباء کو خطاب کرتے ہوئے قرآن و حدیث کی روشنی میں زندگی کے مقاصد اور تعلیم کی اہمیت و افادیت کو ظاہر کیا۔

مدرسہ میں شاہین گروپ سینٹر کے انچارج محمد شاہ نواز حیدر نے بھی مجمع سے خطاب کیا۔ انھوں نے شاہین گروپ کے مدرسہ پلس پروگرام کے نصب العین پر گفتکو کی اور اس کے دور رس اثرات کو واضح کیا، نیز حفاظ کرام و علماء دین حضرات کے لیے اس سے متعلقہ امکانات کو بتایا۔ بعد ازاں مولانا عبدالرشید صاحب مظاہری مدظلہ العالی مہتمم مدرسہ فیضان رحیمی مرزاپور پول نے موجودہ دور میں تعلیمی تقاضے پر روشنی ڈالی۔

آخر میں مہتمم مدرسہ کی رقت آمیز دعاء پر اس تقریب کا اختتام ہوا۔ آج کی اس تقریب میں طلبا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اہم شرکا میں مدرسہ فیضان رحیمی کے اساتذہ نائب مہتمم مولانا محمد ارشد، مولانا محمد عمران، مولانا محمد شرافت، مفتی محمد شہزاد، مولانا خلیل احمد، مولانا محمد ذاکر، قاری زاہد حسن، قاری فیض الحسن، مولانا محمد اسجد، قاری محمد شہزاد وغیرہ نے شرکت کی۔