کرکٹ شائقین کو ایک مرتبہ پھر عالمی کپ میں ہند-پاک مقابلے کے دلچسپ لمحات سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملنے والا ہے۔ آئی سی سی نے آئندہ مارچ میں ہونے والے ویمنس عالمی کپ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس میں ہند-پاک خواتین ٹیمیں 6 مارچ کو بے اوول واقع ٹورنگا میں اپنی عالمی کپ مہم کا آغاز کریں گی۔ لوگوں کو مردوں کی طرح ہی خواتین ٹیموں کے درمیان بھی زوردار مقابلے کی امید ہے۔
پاکستان کے خلاف میچ کے بعد ہندوستان کا دوسرا میچ 10 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف، تیسرا میچ 12 مارچ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف، چوتھا میچ 16 مارچ کو انگلینڈ کے خلاف، پانچواں میچ 19 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف، چھٹا میچ 22 مارچ کو بنگلہ دیش کے خلاف اور ساتواں میچ 27 مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوگا۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں متالی راج کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم فائنل میں صرف 9 رنوں سے انگلینڈ سے شکست کھا کر خطاب سے محروم رہ گئی تھی۔ کرکٹ شائقین دو مرتبہ عالمی کپ فائنل میں شکست کھانے والی ہندوستانی ٹیم کو اس مرتبہ خطاب جیتتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کو لیگ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس کے تحت سبھی ٹیموں کو آپس میں مقابلہ آرائی کرنی ہوگی۔ عالمی کپ میں 8 ٹیموں نے جگہ بنائی ہے جو 7-7 میچز کھیلیں گی۔ ٹاپ-4 ٹیموں کو سیمی فائنل میں جگہ ملے گی، اور پھر فائنل کھیلا جائے گا۔