کئی طرح کے داخلی مسائل اور معاشی بحران سے پریشان افغانستان میں عوام کے لیے دو وقت کی روٹی حاصل کرنا بھی محال ہو رہا ہے۔ ایسے بحرانی حالات میں ہندوستان نے مدد کا ہاتھ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ نے سنیچر کے روز کہا کہ آئندہ ہفتوں میں ہم افغانستان کے لوگوں کے لیے انسانیت پر مبنی امداد روانہ کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ دواؤں اور خوردنی اشیاء کی کئی کھیپ افغانستان روانہ کی جائیں گی تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہوں۔
خبروں کے مطابق ہندوستان نے پہلے ہی افغانستان میں طبی امداد کے 3 شپمنٹ کی سپلائی کی تھی جس میں کووڈ ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں اور ضروری حیات بخش دوائیں شامل تھیں۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے افغانستان کو 3 ٹن ضروری حیات بخش دواؤں سے بھرے طبی امداد کے چوتھے شپمنٹ کی بھی فراہمی کی ہے۔ اسے کابل کے اندرا گاندھی اسپتال کو سونپا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ہندوستان کی طرف سے پاکستان کے راستے افغانستان بھیجے جانے والی گیہوں کی کھیپ کی فراہمی کی شروعات آئندہ ماہ سے ہونے کی امید ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مہینوں سے چل رہے تبادلہ خیال کے بعد افغانستان کے لیے گیہوں کی فراہمی کے طور طریقوں پر اتفاق قائم ہوا۔ ہندوستان نے پاکستان کی سڑکوں کے راستے 50 ہزار ٹن گیہوں اور دوائیں افغانستان بھیجنے کا اعلان پہلے ہی کیا ہوا ہے۔ ہندوستان کے ذریعہ دی جا رہی اس مدد سے افغانستان کو کافی فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔