سعودی عرب میں ان دنوں فریضہ حج کے لیے پوری دنیا سے بڑی تعداد میں مسلمان جمع ہو چکے ہیں۔ اس درمیان انڈیا فریٹرنٹی فورم (آئی ایف ایف) حجاج کرام کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ یہ فورم گزشتہ 20 سالوں سے حجاز کی خدمت کر رہی ہے اور خلیجی ملک میں سماجی خدمات میں مسلسل پیش پیش رہنے والا ادارہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال حج کے لیے ہندوستان سے 70 ہزار حجاج مکہ مکرمہ میں داخل ہو چکے ہیں۔
بہرحال، مدینہ، مکہ، عزیزیہ، منیٰ اور عرفہ میں عازمین حج کی مسلسل خدمت کرنے والے انڈیا فریٹرنٹی فورم کے ذریعہ اس بار عزیزیہ کے حاجیوں کے رہائش گاہ سے حرم شریف آنے کے لیے بس پوائنٹ پر رک کر ان کی رہائش کے لیے مناسب رہنمائی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ پانی کا بہتر انتظام کیا جا رہا ہے اور روزانہ کچھ حاجیوں کی کفالت بھی کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں فورم کے خادم تمام حاجیوں کی آرام گاہوں کا دورہ کر رہے ہیں اور انھیں کووِڈ کے ساتھ ساتھ دیگر وائرس پر مبنی بیماریوں سے آگاہ کر رہے ہیں۔
خواتین حجاج کی خدمت میں خاتون رضاکار بھی مصروف ہیں۔ خاتون رضاکار لگاتار اس عمارت کا دورہ کر رہی ہیں جہاں خواتین حجاج مقیم ہیں۔ وہ ان کے مسائل جاننے اور اس کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ حج 2022 کی خدمات انجام دینے والی انڈیا فریٹرنٹی فورم ٹیم کے نائب کپتان شاکر حق نیلیادی کا کہنا ہے کہ ’’ہماری ٹیم 24 گھنٹے حاجیوں کی خدمت کے لیے مسلسل تیار ہے۔‘‘