دوشنبہ، تاجکستان: انڈیا اسٹڈی سینٹر، تاجک اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ  آف لینگوویجز بنام سوتم الغزادہ، دوشنبہ (تاجکستان) کے زیر اہتمام ’ہندوستانی تہذیب و ثقافت اور معاشرہ‘ کے موضوع پر خصوصی خطبہ پیش کرتے ہوئے تاجک نیشنل یونیورسٹی کے وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے کہا کہ ہندوستان صدیوں پرانی تہذیبی روایات و اقدار کا علمبردار رہا ہے۔  ہمیں مشترکہ تہذیب و ثقافت کے امتیازات پر  فخر ہے۔ زبان، جغرافیہ، خطے، مذہبی روایتیں اور معاشرتی و ثقافی تنوع ہندوستان کی اصل شناخت رہی یے۔ یہاں گنگا جمنی تہذیب صدیوں سے قائم و دائم ہے۔

انہوں نے اس موقع پر موجود ہندی، فارسی، عربی، چینی، کوریائی اور جاپانی زبانوں کے اساتذہ اور طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ثقافتی رواداری، ہم آہنگی، رنگارنگ تہذیبی روایات اور کثیر لسانی معاشرہ سے ہندوستان کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹر مشتاق صدف نے مزید کہا کہ علاقائی اور مقامی بولیوں و زبانوں سے یہاں کے عوام کی مخصوص شناخت ہوتی ہے۔ ہندوستان کی اپنی مخصوص قدریں ہیں جن کی پذیرائی پوری دنیا کرتی ہے۔ ہندوستان ایک جمہوری و سیکولر ملک ہے جہاں اظہار رائے کی پوری آزادی ہے۔

ہندی، عربی، فارسی، چینی، جاپانی اور کوریائی زبانوں کے طلبا و طالبات

خطبہ کے آغاز میں شعبہ عربی و فارسی کے چیئرمین ڈاکٹراہتم شاہ یونسی نے پروفیسر مشتاق صدف کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے ان کی علمی و ادبی خدمات کا ذکر کیا اور خطبہ کا تاجکی زبان میں ترجمہ بھی کیا۔ آخر میں ہندی، کوریائی، جاپانی اور چینی زبانوں کے شعبہ کے چیئرمین پروفیسر سیدزادہ اویس الدین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

(پریس ریلیز)