’’بی جے پی بادشاہت چاہتی ہے۔ وہ بھول رہی ہے کہ ہندوستان ریاستوں کا مجموعہ ہے۔ اس کا تذکرہ ہمارے آئین کے پہلے آرٹیکل میں موجود ہے۔‘‘ یہ بیان تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی محکمہ کے سوشل میڈیا اینڈ آرگنائزیشن انچارج محمد مزمل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی آئی ٹی سیل یہ غلط پروپیگنڈہ پھیلانا چاہتا ہے کہ ہندوستان ریاستوں کی یونین (مجموعہ) نہیں ہے بلکہ ایک ایسا ملک ہے جس پر مرکز کا کنٹرول ہے۔ حالانکہ یہ جھوٹ ہے۔‘‘
محمد مزمل نے اپنے ایک بیان میں مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاستوں پر غالب آنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہندوستان کو پہلے دن سے ریاستوں کی یونین کے طور پر تصور کیا گیا تھا۔ مرکز کو صرف قانون و عدلیہ، مالیات و بینکنگ، دفاع اور خارجہ امور کے اختیارات حاصل تھے۔ باقی تمام اختیارات ریاستوں کو حاصل ہوئے۔ وقت کے ساتھ ساتھ مرکز زیادہ غالب ہو گیا اور اب ریاستوں کی یونین کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘
اتنا ہی نہیں، محمد مزمل نے اس ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے بی جے پی پر ٹول کِٹ کے استعمال کا بھی الزام لگایا۔ وہ کہتے ہیں ’’اب ٹول کٹ وسیع ہو چکی ہے۔ اب ہندو-مسلم، سرحدی، پسماندہ، اکثریتی-اقلیتی وغیرہ موضوع کو چھوڑ کر ’لوکل بمقابلہ مرکز‘ کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے! یعنی اب جدوجہد ملک بنام ریاست کی ہوگی۔ اب بڑا چیلنج متحدہ وفاقی نظام پر حاوی مقامی علیحدگی پسند قوتوں کو لگام ڈالنا ہوگا۔‘‘