دوشنبہ، تاجکستان: تاجکستان کے انتہائی تاریخی شہر پنجکنت پیڈاگوجیکل کالج سعدی شیرازی 84 (تدریسی کالج) میں قائم انڈیا اسٹڈی سینٹر کے زیر اہتمام ’ہندوستانی ثقافت، اقدار اور رسم و رواج‘ کے موضوع پر ایک خصوصی لکچر کا انعقاد کیا گیا، جسے تاجک نیشنل یونیورسٹی، دوشنبہ کے ویزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطبہ میں کہا کہ ’’ہندوستان اپنی منفرد تہذیب و ثقافت، رسم و رواج، اقدار اور قدیم روایات کے لیے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ مشترکہ تہذیب کی بہترین مثال جو ہندوستان میں دیکھنے کو ملتی ہے دوسرے کسی ملک میں دیکھنے کو نہیں ملتی۔ دراصل ہندوستان محبت و اخوت کا ملک ہے۔‘‘ ڈاکٹر مشتاق صدف مزید کہتے ہیں کہ ’’ہندوستان اور تاجکستان کی ثقافتی اقدار میں بڑی مماثلت ہے۔‘‘

اس موقع پر معروف ڈراما نگار جاوید دانش بھی موجود رہے۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’ڈراموں کے ذریعے ہندوستانی تہذیب و ثقافت کو بھی بہت فروغ ملا ہے۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ تاجکی عوام ہندوستان سے بہت محبت کرتے ہیں۔‘‘

پروگرام کے آغاز میں انڈیا اسٹڈی سینٹر کے سربراہ پروفیسر جاوید خالوف نے پروفیسر مشتاق صدف کا استقبال کرتے ہوئے ان کا مختصر تعارف پیش کیا اور کہا کہ تاجکستان اور ہندوستان کا رشتہ ہمیشہ سے مضبوط رہا ہے۔ ہماری تہذیب بھی ملتی جلتی ہے۔ اس موقع پر کالج اسٹوڈنٹس نے بطور خاص شرکت کی اور انہوں نے ہندوستان کے تعلق سے کئی سوالات بھی کیے، جن کے جوابات ڈاکٹر مشتاق نے دیے۔ آخر میں پروفیسر جاوید خالوف نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔