خواتین کے کرکٹ عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کے خلاف شاندار فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ کا بہترین آغاز کیا ہے۔ امید کی جا رہی تھی کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا لیکن ہندوستانی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو یکطرفہ کر دیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم کو شروعات بھلے ہی اچھی نہیں ملی، لیکن اسمرتی مندھانا (52 رن)، دیپتی شرما (40 رن)، پوجا وسترکر (67 رن) اور سنیہا رانا (ناٹ آؤٹ 53 رن) نے بہترین بلے بازی کر اسکور 50 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 244 رن تک پہنچا دیا۔

پاکستانی ٹیم جب 245 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری تو اس کی بھی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ہر تھوڑی دیر کے بعد وکٹ گرتے رہے اور نتیجہ یہ ہوا کہ 43 اوور میں پوری ٹیم محض 137 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ گویا کہ ہندوستانی ٹیم کو خواتین کرکٹ عالمی کپ کے اپنے پہلے میچ میں 107 رن کی شاندار جیت ملی۔ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 30 رن سدریٰ امین نے بنائے۔ اس جیت میں ہندوستانی گیندباز راجیشوری گائیکواڈ نے لاجواب کارکردگی کا نظارہ پیش کیا۔ انھوں نے 10 اوور میں محض 31 رن دے کر 4 وکٹ لیے۔

غور طلب ہے کہ پاکستان پر یہ ہندوستانی خاتون ٹیم کی لگاتار گیارہویں جیت ہے۔ اب تک ہوئے سبھی 11 وَنڈے میچوں (ان میں عالمی کپ کے 4 میچ بھی شامل ہیں) میں پاکستان کو شکست ہوئی ہے۔