نئی دہلی: ’’نریندر مودی اسٹڈی سنٹر میں جو تحقیقی کام ہو رہے ہیں، اس کا فائدہ ملک کو ملے گا۔ سابق وزیر اعظم چندرشیکھر اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ’تحفظ فطرت‘ سے متعلق سوچ پر اس سنٹر میں تحقیقی کام ہوگا جو بہت اہم ہے۔‘‘ یہ بیان نریندر مودی اسٹڈی سنٹر اور یوا بھارتی ٹرسٹ کے اشتراک سے سابق وزیر اعظم چندرشیکھر کے 96ویں یومِ پیدائش پر منعقد قومی سمینار میں صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے معروف صحافی اور پدم شری رام بہادر رائے نے دیا۔

سمینار کا انعقاد 17 اپریل کو دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سنٹر میں ہوا تھا اور اس کا موضوع تھا ’جل ہی جیون ہے‘ (پانی ہی زندگی ہے)۔ اس موقع پر بطور مہمانِ خصوصی جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھاکرشنن موجود تھے۔ انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’مودی جی کی قیادت میں ہندوستان آبی ذخیرہ اور آبی تحفظ کے لیے بہترین کام کر رہا ہے۔ ملک پی ایم مودی کی قیادت میں تحفظ فطرت کے شعبہ میں دنیا کو راستہ دکھائے گا۔‘‘

تقریب میں بطور مہمانِ اعزازی شریک اتر پردیش کے ٹرانسپورٹ وزیر دیا شنکر سنگھ نے آبی ذخیرہ کے لیے یوپی حکومت کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں آبی ذخیرہ اور آبی تحفظ کا کام تیزی سے چل رہا ہے اور اس منصوبہ کے تحت یوگی حکومت ہر گاؤں ہر گھر میں نل پہنچا رہی ہے۔ نریندر مودی اسٹڈی سنٹر کے چیئرمین پروفیسر جسیم محمد نے تعارفی تقریر پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ گزشتہ کئی سالوں سے ملک کی تعمیر کے لیے تحقیقی کام کر رہا ہے۔