ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کانپور میں کھلیے جانے والے ٹیسٹ کے لیے ہوٹل انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے لیے کھانے کا مینو جاری کر دیا ہے۔ اس مینو میں حلال گوشت کو شامل کیا گیا ہے جبکہ پورک اور بیف کو باہر کر دیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے لیے منی بریک فاسٹ، لنچ، ٹی ٹائم اسنیکس اور کھیل کے بعد عشائیہ (ڈِنر) کا انتظام ہے۔

ملی جانکاری کے مطابق ٹیسٹ میچ میں حصہ لے رہے ہندوستانی کھلاڑیوں کو ناشتے میں موسلی-پوہا، اِڈلی، ڈوسا، سانبھر، اُپما اور پونگل جیسے پکوان پیش کئے جائیں گے۔ جو کھلاڑی گوشت خور ہیں انھیں چکن تھائی کری، فش کری، مرغ کری جیسے لذیذ کھانے دستیاب کرائے جائیں گے۔ سبزی خوروں کے لیے کھانے میں پنیر اور آلو ٹکّا، دیوانی ہانڈی، لہسنی پالک پنیر، کڑھائی ویج، مٹر پنیر، دال مکھنی جیسے پکوان موجود ہوں گے۔ ساتھ ہی ان کے لیے مکئی کی روٹی، باجرے کی روٹی، سرسوں کا ساگ، دہی وغیرہ کا بھی انتظام رہے گا۔ پینے کے لیے کھلاڑیوں کو کدّو کا سوپ، بروکلی سوپ، شتاوری سوپ، مشروم سوپ اور پالک کا سوپ ملے گا۔ ساتھ ہی انڈے کا سلاد، گریک سلاد، گارڈن سلاد اور رسین سلاد کو بھی مینو میں جگہ ملی ہے۔

ٹی ٹائم اسنیکس میں کھلاڑیوں کے سامنے چکن کاٹھی رول، ویج کاٹھی رول، ملٹی گرین بریڈ، سینڈوِچ، گریلڈ فِش جیسے پکوان پیش کیے جائیں گے۔ رات کے کھانے میں ویج بریانی، مشروم، لہسن چکن، پنیر، میکسیکن چاول جیسے کئی لذیذ کھانوں سے کھلاڑی لطف اندوز ہو سکیں گے۔