دوسرے ٹیسٹ میں ہندوستان کی شکست کے لیے سب سے اہم وجہ رباڈا کی گیندبازی کو مانا جا رہا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ دوسری اننگز میں ایک وقت ہندوستانی ٹیم نے 2 وکٹ کے نقصان پر 155 رن بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی تھی۔ لیکن یہیں پر رباڈا کا وہ اسپیل آیا جس میں انہوں نے چند گیندوں میں 3 وکٹ لے کر بازی ہی پلٹ دی اور ہندوستا بڑا اسکور بنانے سے محروم ہو گیا۔ رباڈا کی اس خطرناک گیندبازی کے پیچھے ایک اہم وجہ کپتان ڈین ایلگر کی پھٹکار تھی۔ یہ انکشاف خود جنوبی افریقی کپتان نے کیا ہے۔

جوہانسبرگ میں جیت کے بعد ایلگر نے کہا کہ ’’کبھی کبھی کے جی (کگیسو رباڈا) کو کچھ کہنا پڑتا ہے۔ ایسا ہی کچھ اس بار پردے کے پیچھے ہوا تھا، لیکن ہم وہ نہیں بتانے والے۔ میں اس کے قریب گیا اور کہا کہ تم ہماری ٹیم میں معزز کھلاڑی ہو اور اس وقت مجھے نہیں لگتا کہ تم خود کو صحیح طرح پیش کر پا رہے ہو۔‘‘

جنوبی افریقہ کے سابق وکٹ کیپر بلے باز مارک باؤچر نے بھی اس سلسلے میں بتایا کہ کئی بار رباڈا کو اپنے زون میں آنے کے لیے تھوڑا اسپارک چاہیے ہوتا ہے۔ کچھ کھلاڑی ہوتے ہیں جنہیں اپنے کیریرمیں سخت الفاظ کی ضرورت پڑتی ہے۔ ڈیل اسٹین بھی انہی میں سے ایک تھے۔ رباڈا نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن بھی وکٹ نہیں لیا تھا، پھر ایلگر نے پھٹکار لگائی اور رباڈا 7 وکٹ جھٹکنے میں کامیاب ہوئے۔