نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے اہم مقابلے سے قبل ہندوستانی ٹیم ہلکے پھلکے موڈ میں نظر آئی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مستی کرتے ہوئے کچھ ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔ ایک ویڈیو میں ایشان کشن اور شاردل ٹھاکر رقص کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ دونوں کے رقص کا انداز دیکھ کر وہاں موجود لوگ ہنسے بغیر نہیں رہ سکے۔

دراصل ہندوستانی ٹیم ہیلووین کا جشن منا رہی تھی۔ اس جشن میں کچھ کرکٹرس کے بچے ہیلووین گیٹ اَپ میں بھی نظر آئے۔ ایک ویڈیو میں ایشان کشن اور شاردل ٹھاکر ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھیں ڈال کر کسی جوڑے کی طرح رقص کر رہے تھے۔ اس دوران ایشان کشن نے شاردل ٹھاکر کو تقریباً گرا ہی دیا تھا، لیکن عین موقع پر وہ سنبھل گئے۔ ہندوستانی ٹیم کے باقی کھلاڑی اور ان کی بیویاں ان دونوں کے رقص سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ کپتان کوہلی بھی اس موقع پر موجود تھے جو ان دونوں کی ویڈیو موبائل میں قید کر رہے تھے۔

ایک دیگر ویڈیو میں نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت بچوں کو تحائف تقسیم کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ پنت ایک تھیلی میں چاکلیٹ رکھے ہوئے ہیں جسے وہ باری باری سے ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کے بچوں کو دے رہے ہیں۔ اس دوران روی چندرن اشون  اور روہت شرما کی بیٹیاں  پنت سے ٹافیاں لیتی دکھائی دیں۔ بہر حال، 31 اکتوبر کی شام انتہائی اہم مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف نبرد آزما ہوگی۔