کرکٹ کے میدان پر کچھ نہ کچھ ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں جو شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ فیلڈ پر سنجیدہ رہنے والے امپائر بھی کبھی کبھی اپنے منفرد انداز سے لوگوں کو حیران کر دیتے ہیں۔ امپائر بلی باؤڈن کا نام تو آپ نے سنا ہی ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن چوکا، چھکّا اور آؤٹ دینے کے اپنے منفرد انداز کے لیے مشہور تھے۔ اب ہندوستانی امپائر دیپک نائکنورے بھی کچھ ایسا ہی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے انوکھے انداز کی امپائرنگ سے سبھی کو اپنا مرید بنا لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر مہاراشٹر کے امپائر دیپک نائکنورے کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ہاتھوں سے نہیں، پیروں کو پھیلا کر وائیڈ گیند کا اشارہ کرتے ہیں۔ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان بھی دیپک کے اس انوکھے انداز سے متاثر ہیں۔ انہوں نے ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’یہ پکّا ہے کہ ہم سبھی انہیں ICC ایلیٹ پینل میں دیکھنا چاہیں گے۔‘‘
دیپک نائکنورے کی بات کریں تو وہ مہاراشٹر کے کئی ضلعوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں اور اپنے مزاحیہ انداز سے لوگوں کا دل جیت رہے ہیں۔ جب انھیں امپائرنگ کا موقع ملا تو چوکا، چھکّا کا اشارہ تو مزاحیہ انداز میں دیتے ہی تھے، سب سے دلچسپ انداز وائیڈ گیند کے لیے ہوتا ہے۔ اس کے لیے وہ سر نیچے اور پیر اوپر کر لیتے ہیں، پھر دونوں پیروں کو پھیلا کر وائیڈ گیند کا اشارہ دیتے ہیں۔