شراب نوشی کے شوقین اور اس کی تاریخ جاننے کے خواہش مند لوگوں کے لیے بڑی خوش خبری سامنے آئی ہے۔ ہندوستان کا پہلا الکحل میوزیم گوا کے کینڈولم میں کھولا گیا ہے۔ یہاں صدیوں قدیم شراب کی بوتلیں رکھی گئی ہیں اور کچھ پرانی شرابوں کی داستان بتانے کا بھی انتظام ہے۔ اس الکحل میوزیم کا نام رکھا گیا ہے ’آل اباؤٹ الکحل‘۔
یہ الکحل میوزیم پنجی سے تقریباً 10 کلو میٹر دور شمالی گوا کے سمندری ساحل سنکویرم اور کینڈولم کے سیاحتی مرکز کو جوڑنے والی جگہ پر واقع ہے۔ یہ جگہ سیاحوں کے درمیان مقامی طور پر پی جانے والی شراب ’فینی‘ کے لیے مشہور ہے۔ اسے ناریل یا کاجو پھل سے بنایا جاتا ہے۔ میوزیم کے اندر چار کمروں میں نمائش کے لیے پرانی مٹی کے برتن رکھے گئے ہیں۔ 16ویں صدی کے وہ پیمانے بھی ہیں جس سے شراب کی پیمائش کی جاتی تھی۔ اس کے علاوہ ایک قدیم لکڑی کا شاٹ ڈسپنسر بھی موجود ہے۔
آل اباؤٹ الکحل میوزیم کے بانی کا نام نندن کدچڈکر ہے۔ انھوں نے بتایا کہ میوزیم شروع کرنے کے پیچھے کا مقصد دنیا کو گوا کی خوشحال وراثت، خصوصی طور سے فینی کی کہانی بتانا ہے، جسے یہاں کافی پسند کیا جاتا ہے۔ پیشے سے بزنس مین کڈچڈکر پرانی چیزوں کو جمع کرنے کے شوقین ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شراب نوشی کو فروغ نہیں دینا چاہتے، لیکن گوا میں فینی بنانے کی دلچسپ اور خوشحال وراثت کو ظاہر کرنے کے لیے یہ گیلری بنائی گئی ہے۔