ان دنوں ڈانس ریلٹی شوز میں کنٹیسٹنٹ ایسے ایسے کرتب دکھاتے ہیں جسے دیکھ کر لوگ انگشت بدنداں رہ جاتے ہیں۔ کبھی کبھی یہ خطرناک اسٹنٹ یعنی کرتب کنٹیسٹنٹ کے لیے مصیبت کھڑی کر دیتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ نظارہ ’انڈیاز گوٹ ٹیلنٹ سیزن-9‘ میں دیکھنے کو ملا جب ایک لڑکا اپنا کرتب دکھاتے ہوئے آگ کی لپٹوں میں بُری طرح پھنس گیا اور اس کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا۔

سونی ٹی وی نے انڈیاز گوٹ ٹیلنٹ کا نیا پرومو شیئر کیا ہے جس میں کنٹیسٹنٹ پریتم ناتھ اپنے اسٹنٹ کے بارے میں ججوں کو بتاتا ہے کہ اسے ایک گھر میں بند کر دیا جائے گا اور گھر میں آگ لگا دی جائے گی۔ اسے پورا گھر جلنے سے پہلے باہر نکلنا ہے۔ لیکن اس کے بعد جو ہوتا ہے وہ رونگٹے کھڑے کر دینے والا ہے۔ پریتم بار بار کوشش کے باوجود خود کو باہر نہیں نکال پاتا۔ اس دوران پورے گھر میں آگ لگ جاتی ہے اور کیمرے بھی کام کرنا بند کر دیتے ہیں۔ سیٹ پر موجود سبھی لوگوں کی سانسیں تھم جاتی ہیں۔

اس دوران بادشاہ گھبرا کر کہتے ہیں کہ ٹی وی پر کچھ دکھائی نہیں دے رہا۔ پھر وہ دوڑ کر لڑکے کو بچانے اسٹیج پر پہنچ جاتے ہیں۔ دوسری جج شلپا شیٹی یہ نظارہ دیکھ کر چیخ پڑتی ہیں۔ اس دوران بیک گراؤنڈ سے ’پانی مارو‘ کی آوازیں آتی ہیں۔ اس خطرناک پرومو نے لوگوں کا تجسس بڑھا دیا ہے کہ آخر اس لڑکے کے ساتھ کیا کچھ ہوا ہوگا۔