نئی دہلی: اردن کی نامور ریسرچ تنظیم آر آئی ایس ایس سی (رویل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سنٹر) نے دنیا کے بااثر عالم دین کی فہرست جاری کی ہے۔ 2022 کے لیے جاری اس فہرست میں جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر اور معروف مذہبی رہنما مولانا محمود مدنی کو لگاتار تیرہویں مرتبہ دنیا کی 50 بااثر مسلم شخصیات میں شامل کیا گیا ہے۔ تازہ فہرست میں وہ ہندوستان کے سب سے بااثر عالم اور مذہبی و سماجی رہنماء منتخب ہوئے ہیں۔
500 افراد پر مشتمل اس فہرست میں دنیا بھر سے مختلف شعبہ ہائے حیات (سیاست، سماجیات، تعلیم، اسکالرشپ، سائنس وغیرہ) سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 50 سرفہرست شخصیات میں مولانا محمود مدنی تنہا ہندستانی ہیں۔ گزشتہ سال مشہور بریلوی عالم دین مفتی اختر رضا خاں قادری ازہری اس فہرست میں شامل تھے، لیکن اب وہ اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔
ریسرچ تنظیم آر آئی ایس ایس سی نے مولانا محمود مدنی کی عظیم ملی و سماجی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انھوں نے ہندوستان میں مسلمانوں کے حقوق کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی دہشت گردی اور اس کو اسلام سے جوڑنے کی کوششوں کا بڑی دلیری سے مقابلہ کیا۔ نیز انھوں نے اقوام متحدہ میں پاکستانی نمائندہ کے ذریعہ دارالعلوم دیوبند کو دہشت گردی کا مرکز کہنے کے بعد پاکستان کو کھلا خط لکھ کر مذمت کی اور اس بیہودہ بیان کا عالمی سطح پر مقابلہ کیا۔
(پریس ریلیز)