یہ بات تو کم و بیش ہر ہندوستانی مسلم کو معلوم ہوگا کہ ملک کی پہلی مسجد یعنی چیرامن جمعہ مسجد کیرالہ کے تریسور ضلع میں موجود ہے، لیکن اس بات کی خبر نہیں ہوگی کہ گزشتہ 30 مہینے سے اس کی آرائش و تزئین کا کام چل رہا تھا جو اب مکمل ہو گیا ہے۔ یعنی بہت جلد چیرامن جمعہ مسجد لوگوں کے دیدار کے لیے کھول دیا جائے گا جو کہ رینوویشن کے مقصد سے بند تھا۔
تریسور ضلع کے کوڈنگالر تعلقہ میں موجود چیرامن مسجد سے متعلق بتایا جاتا ہے کہ اس کی تعمیر 629 عیسوی میں ہوئی تھی اور اس میں کیرالہ کا بھرپور عکس دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس مسجد کی حالت کافی خستہ ہو گئی تھی جس وجہ سے کیرالہ حکومت نے اس کو پرانی شکل میں لانے کے لیے 1.14 کروڑ روپے خرچ کیے۔ حکومت کے ذریعہ مجیرس ہیریٹج پروجیکٹ (ایم ایچ پی) کے تحت اس مسجد کا رینوویشن شروع ہوا تھا تاکہ اس کی پرانی عظمت حاصل ہو سکے۔ خبروں کے مطابق بہت جلد وزیر اعلیٰ پینارائی وجین اس مسجد کا افتتاح کریں گے تاکہ لوگ اس تاریخی مذہبی مقام کا دیدار کر سکیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چیرامن جمعہ مسجد کے پاس دو منزلہ میوزیم کی بھی تعمیر ہوئی ہے جو سیاحوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ ایم ایچ پی کے منیجنگ ڈائریکٹر پی ایم نوشاد نے اس تعلق سے بتایا کہ مسلم تہذیب و ثقافت کو ظاہر کرنے کے لیے یہ دو منزلہ میوزیم تیار کیا گیا ہے۔