لالو پرساد نے مرکز کی این ڈی اے حکومت کو بذریعہ ٹوئٹ تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ طنزیہ انداز میں انھوں نے لکھا ہے ’’اے مہنگائی، تم ڈبل انجن حکومت کی کیا لگتی ہو؟‘‘ انھوں نے یہ ٹوئٹ گیس سلنڈر کی قیمت میں ہوئے اضافہ کے پیش نظر کیا ہے۔
اپنے طنزیہ انداز کے لیے مشہور لالو پرساد یادو نے اس ٹوئٹ میں اپنا پرانا طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے بہار کی این ڈی اے حکومت پر نشانہ سادھا۔ اس سے قبل لالو کے بیٹے تیجسوی یادو نے بھی مہنگائی کو لے کر بی جے پی پر حملہ کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا’’مہنگائی بی جے پی والوں کی محبوبہ ہے۔‘‘ بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے تو کچھ دنوں قبل اپنے ٹوئٹ میں مہنگائی کو بی جے پی کی بوا ٹھہرایا تھا۔ گویا کہ بڑھ رہی مہنگائی کے خلاف آر جے ڈی کے اہم لیڈران بی جے پی پر حملہ آور رخ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
بہر حال، لالو پرساد نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’گیس، تیل، پٹرول-ڈیزل، سبزی سب مہنگا کر یہ حکومت عام آدمی کو بے شرموں کی طرح لوٹ رہی ہے۔‘‘ انھوں نے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ہو رہے اضافہ کو لے کر ایک رپورٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک سلنڈر ایک ہزار کے قریب۔ مودی حکومت میں گزشتہ 11 مہینے میں چار بار گیس سلنڈر کی قیمتیں بڑھی ہیں۔ 14.2 کلو والے گھریلو سلنڈر کی قیمت 998 روپے ہو گیا ہے۔