ممبئی کے مرین لائنس واقع اسلام جمخانہ میں آئندہ 12 اور 13 نومبر کو ’بین الاقوامی حلال شو انڈیا‘ منعقد ہونے والا تھا۔ لیکن اب اس تقریب کو رَد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کی وجہ ہے کچھ ہندوتوا تنظیموں کی شدید مخالفت۔ گزشتہ ایک ہفتے سے ’بین الاقوامی حلال شو انڈیا‘ کے خلاف مظاہرے تیز ہو گئے تھے۔ ’ہندو جن جاگرتی سمیتی‘ نے بھی اس حلال شو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور اسے ’اکونومک جہاد‘ کا حصہ بتایا تھا۔

اسلام جمخانہ کے سربراہ ایڈووکیٹ یوسف ابراہنی نے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہمیں خبر ملی ہے کہ کچھ تنظیمیں حلال شو کی مخالفت کر رہی ہیں۔ ہم نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اس تقریب کو رد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت ہم جس دور سے گزر رہے ہیں، ایسے میں حلال شو منعقد کرنے کی اجازت دینا سمجھداری نہیں ہوگی۔‘‘ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورونا وبا کے دوران ایک حلال شو کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا تھا اور اس وقت کسی نے بھی مخالفت نہیں کی تھی۔

بین الاقوامی حلال شو انڈیا تقریب رَد ہونے کے بعد ایک ہندوتوا تنظیم کے کوآرڈینیٹر سنیل گھنوٹ نے خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ متحد ہندوؤں کی فتح ہے۔ یہ تو صرف شروعات ہے۔ ملک میں حلال سرٹیفکیشن نظام کے بند ہونے تک ہماری یہ لڑائی چلتی رہے گی۔‘‘ غور طلب ہے کہ حلال شو میں 100 سے زائد حلال کاروباروں کی شرکت ہونی تھی۔