آئی پی ایل-2022 کے میگا آکشن میں اس مرتبہ 67 غیر ملکی سمیت کُل 204 کھلاڑیوں کو خریدا گیا، لیکن کئی ایسے بدقسمت معروف کھلاڑی بھی رہے جنہیں اس مرتبہ خریدنے کے لائق نہیں سمجھا گیا۔ ان میں سب سے حیران کرنے والا نام مسٹر آئی پی ایل سریش رینا کا ہے جنہیں کوئی خریدار نہیں ملا۔ پرانی ٹیم چنئی سپر کنگس نے بھی صرف شکریہ کے چند الفاظ ’میموری دینے کے لیے تھینکس‘ سے ہی اکتفا کیا۔
چنئی کے لیے سریش رینا کی خدمات کافی اہم رہی ہیں اور اس ٹیم کو مضبوط اور چمپئن بنانے میں ان کا کافی اہم رول رہا ہے۔ رینا نے گزشتہ سالوں میں چنئی کے لئے کئی بہترین اننگز کھیلی ہیں۔ وہ آئی پی ایل کے سب سے کامیاب بلے بازوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔ چنئی نے رینا کی خدمات کے لیے انھیں شکریہ ضرور کہا لیکن یہ اتنے بڑے کھلاڑی کے لیے کافی نہیں۔ اپنی بہترین بلے بازی کی بدولت ’مسٹر آئی پی ایل‘ کے نام سے مشہور سریش رینا کو کسی دیگر ٹیم نے بھی خریدنا گوارا نہیں سمجھا جس کے بعد ان کا آئی پی ایل کا مستقبل تاریکی میں نظر آ رہا ہے۔
سریش رینا کے علاوہ مزید کئی بڑے کھلاڑی ہیں جن کو خریدنے میں کسی فرنچائزی نے دلچسپی نہیں دکھائی۔ ان میں ٹی-20 کے نمبر-2 آل راؤنڈر شکیب الحسن، عادل رشید، ایڈم زمپا جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایرون فنچ اور ایان مورگن جیسے دھماکہ دار بلے باز بھی کسی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہوئے ہیں۔