مسٹر آئی پی ایل سریش رینا کو کسی ٹیم کے ذریعہ نہیں خریدا جانا اس وقت سرخیوں میں ہے۔ خاص طور پر رینا کے شیدائی چنئی سپر کنگس مینجمنٹ سے کافی ناراض ہیں کہ ان کی 12 سالہ خدمات کو اتنی آسانی سے فراموش کر دیا گیا۔ لیکن اب چنئی ٹیم کے سی ای او کاشی وشوناتھ نے سریش رینا کو نہیں خریدنے کی وجہ سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید حالیہ ٹیم میں وہ فٹ نہیں بیٹھ پاتے اس لئے انہیں نہیں چنا گیا۔
وشوناتھ نے چنئی سپر کنگس کے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں چنئی کے لیے بہترین مظاہرہ کرنے والوں میں سریش رینا کا نام بھی ہے۔ انہیں ٹیم میں نہیں لینا بہت مشکل ترین فیصلہ تھا۔ لیکن آپ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ٹیم کے انتخاب کی بنیاد حالیہ فارم ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس بات پر بھی منحصر ہے کہ فرنچائزی کس طرح کی ٹیم بنانا چاہتی ہے۔ ان باتوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے شاید رینا اس ٹیم میں فٹ نہیں بیٹھتے ہیں۔
سریش رینا کے آئی پی ایل میں کارکردگی کی بات کریں تو وہ اس لیگ کے سب سے کامیاب بلے بازوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔ وہ 5528 رن بنا کر سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ رینا آئی پی ایل کی شروعات سے ہی چنئی کے ساتھ جڑے رہے صرف چنئی پر پابندی لگی تھی تو وہ گجرات لائنس کی طرف سے کھیلے تھے۔