آئی پی ایل 2022 میں آر سی بی کی ٹیم کچھ الگ نظر آنے والی ہے کیونکہ اس مرتبہ جہاں ایک طرف وراٹ کوہلی کپتانی کی ذمہ داری سے سبکدوش ہوچکے ہیں تو وہیں دوسری طرف اے وی ڈیویلیئرس بھی ٹیم میں نہیں ہیں، حالانکہ انہی کے ہم وطن اور ساتھی فاف ڈوپلیسس اس مرتبہ آر سی بی کی قیادت کر رہے ہیں اور شاید وہ ان کی کمی نہیں کھلنے دیں گے۔ ویسے ڈپلوسیس، میکس ویل، کوہلی اور کارتک جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں بنگلورو ابھی بھی کافی مضبوط ہے۔

ادھر آر سی بی میں شامل ہوئے دنیش کارتک نے ڈویلیئرس کے معاملے پر کہا ہے کہ وہ اس لئے آئی پی ایل نہیں کھیل رہے ہیں کیونکہ وہ بہت ہی زیادہ اچھا کھیلتے ہیں۔ کارتک نے یہ بات آر سی بی کے ویڈیو میں مذاق مذاق میں کہی ہے۔ دراصل ڈیویلیئرس کے اس مرتبہ آئی پی ایل نہیں کھیلنے کی وجہ ان کا مقابلہ جاتی کرکٹ کو الوداع کہہ دینا ہے۔

اے وی ڈیلیئرس کا آئی پی ایل میں زبردست مظاہرہ رہا ہے۔ انہوں نے 184 مقابلوں میں 39.7 کی اوسط سے 151.7 کے اسٹرائک ریٹ سے 5162 رن بنائے ہیں۔ ڈیویلئرس نے کئی برسوں تک آر سی بی کو اپنی خدمات دی لیکن انہیں ایک افسوس ضرور رہے گا کہ وہ اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ بھی خطاب نہیں دلا پائے۔ اب ان کی جگہ آر سی بی کے مڈل آرڈر کی ذمہ داری گلین میکسویل اور ٹیم میں نئے شامل ہوئے دنیش کارتک کو نبھانی ہوگی۔