اس مرتبہ آئی پی ایل کے شروعاتی مقابلوں سے 26 بین الاقوامی کرکٹروں کے باہر رہنے کا امکان ہے کیونکہ وہ اس دوران اپنی ملکی ٹیم کو خدمات دے رہے ہوں گے۔ دراصل جب آئی پی ایل کے مقابلے شروع ہوں گے تو اس وقت ویسٹ انڈیز-انگلینڈ، آسٹریلیا-پاکستان اور بنگلہ دیش-جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آپس میں مقابلہ آرائی کر رہی ہوں گی۔ اس وجہ سے ان ٹیموں میں شامل کھلاڑی آئی پی ایل کے شروعاتی مرحلے میں دستیاب نہیں ہو سکیں گے۔
بین الاقوامی کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے امکان نے ابھی سے ہی آئی پی ایل ٹیموں کی پریشانیاں بڑھا دی ہیں۔ سب سے بڑا نقصان لکھنؤ اور دہلی کی ٹیموں کو ہونے والا ہے۔ لکھنؤ ٹیم میں شامل مارکس اسٹوئنس، جیسن ہولڈر، کائل میئرس، مارک ووڈ، کوانٹن ڈی کاک اور دہلی میں ڈیوڈ وارنر، مشیل مارش، اینرک نارخیا (زخمی)، مستفیض الرحمٰن اور لنگی انگیڈی جیسے کھلاڑی غیر حاضر ہو سکتے ہیں۔
مزید کئی اہم کھلاڑی جو شروعاتی مقابلوں میں غیر حاضر رہ سکتے ہیں ان میں چنئی کے ڈیوین پریٹوریس، ممبئی کے جوفرا آرچر، کولکاتا کے پیٹ کمنس اور ایرون فنچ، راجستھان کے واسی ون ڈر ڈسیں، حیدرآباد کے مارکو جینسن، شان ایبٹ اور ایڈن مرکرم شامل ہیں۔ علاوہ ازیں گلین میکسویل، جوش ہیزل ووڈ، جانی بیرسٹو، کگیسو رباڈا، ڈیوڈ مِلر اور الزاریو جوسف جیسے کھلاڑی بھی باہر رہ سکتے ہیں۔ بہرحال، آئی پی ایل کا پہلا مقابلہ 26 مارچ کو کھیلا جائے گا جس کا سبھی کو شدت سے انتظار ہے۔ اس بار آئی پی ایل میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔