ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان بہت جلد فلمی پردے پر دکھائی دینے والے ہیں۔ یہ سن کر کئی لوگوں کو حیرانی ضرور ہوگی، لیکن سچ یہی ہے کہ ان کی پہلی فلم ’کوبرا‘ 31 اگست کو سنیما گھروں میں دستک دے گی۔ اس فلم کا ٹریلر منظر عام پر آ گیا ہے اور عرفان پٹھان نے خود بھی اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ٹریلر کا لنک پوسٹ کیا ہے۔ فلم کا ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ عرفان پٹھان اس میں پولس افسر کا کردار نبھا رہے ہیں۔ ٹریلر میں انھیں کئی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے اور ایک جگہ وہ بندوق چلاتے بھی نظر آئے ہیں۔

فلم ’کوبرا‘ کا ٹریلر عرفان پٹھان کے ساتھ طویل وقت تک کھیلنے والے سریش رینا نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کیا ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے ’’بھائی عرفان پٹھان آپ کو کوبرا میں پرفارم کرتے ہوئے دیکھ بہت خوش ہوں۔ یہ فلم ایکشن سے بھرپور لگ رہی ہے۔ اس کی کامیابی کے لیے آپ کو اور فلم کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اسے دیکھنے کے لیے اب اور انتظار نہیں کر سکتا۔‘‘

غور طلب ہے کہ عرفان پٹھان نے 2020 میں اپنے یومِ پیدائش کے موقع پر اس فلم میں کام کرنے کی جانکاری دے کر سبھی کو حیران کر دیا تھا۔ فلم میں تمل کے سپراسٹار چیان وکرم مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے، اور موسیقی کی ذمہ داری مشہور موسیقار اے. آر. رحمن نے نبھائی ہے۔