دنیا میں حیرت انگیز چیزیں ہر طرف پھیلی ہوئی ہیں۔ کچھ چیزیں بار بار نظروں کے سامنے سے گزرتی ہیں، تو کچھ سے کبھی کبھی ہی سامنا ہو پاتا ہے۔ ایسا ہی ایک معاملہ نیوزی لینڈ کے ہیملٹن میں دیکھنے کو ملا ہے۔ یہاں ایک باغان سے 7.8 کلوگرام کا ایک آلو نکلا ہے جسے دیکھ کر سبھی کی آنکھیں ششدر ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا آلو ہو سکتا ہے، کیونکہ عالمی ریکارڈ 5 کلو کا ہے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق یہ آلو 30 اگست کو باغان سے نکلا ہے۔ باغان کے مالک کولن اور ڈونا کریگ-براؤن ہیں جو شوہر-بیوی ہیں۔ کولن کا کہنا ہے کہ ’’جب ہم اپنے باغان کی کھدائی کر رہے تھے تب ہمیں اس بڑے آلو کا پتہ چلا۔ پہلے ہمیں یقین ہی نہیں ہوا کہ یہ آلو ہے۔ لیکن بعد میں جب یہ نکلا تو پتہ چلا کہ آلو ہی ہے۔‘‘
کولن اور ڈونا کو 7.8 کلوگرام کے آلو نے خوب شہرت عطا کی ہے۔ قریبی لوگ ان سے ملنے پہنچ رہے ہیں اور آلو کے بارے میں جانکاری لے رہے ہیں۔ کولن اور ڈونا نے اس آلو کا نام ’ڈوگ‘ رکھا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اس آلو کا نام درج کرنے کے لیے کوششیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ اس وقت گنیز ورلڈ ریکارڈ میں برطانیہ کا وہ آلو شامل ہے جس کا وزن 5 کلوگرام سے کچھ کم تھا۔ اسے 2011 میں گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔