ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ملیشیا میں کچھ لوگوں نے نماز کا ایک ایسا طریقہ اختیار کر رکھا ہے جس پر ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوانوں میں ایک عجیب ٹرینڈ دکھائی دے رہا ہے جس میں وہ ایک پنکھے کے ساتھ نماز ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ خرافات سوشل میڈیا کے ذریعہ پھیلائی گئی ہے۔ دراصل کچھ ایسے پوسٹس شیئر کیے گئے ہیں جن میں لوگوں (خصوصاً غیر شادی شدہ) سے ایک ٹیبل فین یعنی پنکھے کو اپنے خوابوں کی شریک حیات مانتے ہوئے اس کے ساتھ نماز ادا کرنے کی ہدایت ہے۔

نماز کے اس نئے طریقے پر ملیشیا کے وزیر برائے مذہبی امور ادریس احمد نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے لوگوں سے گزارش کی ہے کہ وہ ایسا کرنے والوں کے خلاف مذہبی رہنماؤں و افسران سے شکایت کریں۔ جارج ٹاؤن پینانگ کے مفتی نے بھی ایسے لوگوں کو متنبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ قصداً اسلام کی بے عزتی نہ کریں، ورنہ انھیں شریعہ کے تحت سزا دی جائے گی۔

اس سلسلے میں ’آج تک‘ پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس میں انگریزی روزنامہ ’دی سَن‘ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملیشیا کے وزیر برائے مذہبی امور ادریس احمد اس معاملے میں کافی سخت نظر آ رہے ہیں۔ ادریس احمد کا کہنا ہے کہ ’’میں ایسے لوگوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ پہلے مذہب کی تعلیم حاصل کریں، کسی مولوی کی مدد لیں یا مسجدوں کی نماز میں شریک ہوں۔‘‘