اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے ملک کی حفاظت کے لیے ایک انتہائی اہم تکنیکی قدم اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ’لیزر دیوار‘ سے گھیرا جائے گا تاکہ دشمنوں کے میزائلوں کو روکا جا سکے۔ ایک سیکورٹی سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بیان دیا۔ بینیٹ نے کہا کہ اسرائیل راکٹ حملوں سے خود کو بچانے میں مدد کے لیے لیزر تکنیک کا استعمال کرے گا۔ جنوبی اسرائیل میں ایک سال کے اندر اس لیزر دیوار کا افتتاح کیا جائے گا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے بیان میں اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اس کا ’آئرن ڈوم سیکورٹی سسٹم‘ بہت مہنگا ہے۔

اس لیزر دیوار کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اسے زمین، ہوا اور سمندر میں نصب کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں بہت زیادہ جانکاری سامنے نہیں آئی ہے، لیکن یہ لیزر دیوار اسرائیل کے دشمن ملک ایران کے لیے ایک سخت پیغام ضرور ہے۔ لیزر دیوار کو اسرائیل کے کثیر سطحی حفاظتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں آئرن ڈوم اور دیگر سسٹم شامل ہیں جو کہ طویل اور میڈیم دوری کی میزائلوں اور ڈرون کو انٹرسیپٹ کرنے میں اہل ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کا کہنا ہے کہ اگر کسی میزائل یا راکیٹ کو صرف ایک الیکٹرک پلس کے ساتھ روکنا ممکن ہے، جس کی قیمت کچھ ڈالر ہے، تو ہم اس رِنگ آف فائر کو ختم کر دیں گے جسے ایران نے ہماری سرحدوں پر نصب کیا ہے۔