ہندوستان کے مشہور شوٹر معراج احمد خان نے جنوبی کوریا کے چانگوون میں جاری آئی ایس ایس ایف (انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن) ورلڈ کپ میں طلائی تمغہ حاصل کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ یہ کارنامہ انھوں نے سوموار کے روز انجام دیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ شوٹنگ عالمی کپ کے ’اسکیٹ ایونٹ‘ میں طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی مرد نشانہ باز بن گئے ہیں۔ اس کامیابی پر کئی اہم شخصیات انھیں مبارکباد پیش کر رہی ہیں۔

اتر پردیش کے 46 سالہ معراج احمد خان نے 40 شاٹ فائنل ایونٹ میں 37 کا شاندار اسکور بنایا اور کوریا کے منسو کم اور برطانیہ کے بین لیویلن کو شکست دی۔ منسو نے 36 کا اسکور حاصل کر نقرئی تمغہ اور بین نے 26 کا اسکور حاصل کر کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ قابل ذکر ہے کہ دو بار کے اولمپین معراج خان اس سال آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں ہندوستانی دستہ کے سب سے عمر دراز رکن ہیں۔ وہ 2016 میں ریو ڈی جیناریو شوٹنگ ورلڈ کپ میں نقرئی تمغہ بھی جیت چکے ہیں۔

غور طلب ہے کہ سوموار کو ہی انجم مودگل، آشی چوکسے اور سفٹ کور سمرا کی تکڑی نے خواتین کی 50 میٹر رائفل 3پی ٹیم مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے کانسہ کے لیے ہوئے میچ میں شیلن ویبیل، نادن انگیرینک اور ریبیکا کوئک کی آسٹریلیائی ٹیم کو 6-16 سے شکست دی۔ اس مقابلے میں ہندوستان کو اب تک 5 طلائی تمغے، 5 نقرئی تمغے اور 3 کانسے کے تمغے حاصل ہو چکے ہیں۔