جیکلن فرنانڈیز کے ستارے ان دنوں گردش میں ہیں۔ کچھ دنوں پہلے تک بالی ووڈ کی سرکردہ اداکاراؤں کی فہرست میں شامل جیکلن کا جب سے ٹھگ سوکیش چندرشیکھر کے ساتھ معاملہ سامنے آیا ہے، تب سے ان کی پریشانیاں بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ ٹھگی کیس میں پھنسنے کے بعد جیکلن پریشان تھیں ہی کہ کچھ دنوں پہلے ان کی والدہ کو دل کا دوڑہ پڑ گیا، جس سے وہ کافی غمزدہ ہوئیں۔ اب ایک اور بُری خبر سامنے آئی ہے کہ ناگارجن کی فلم ’دی گھوسٹ‘ سے وہ باہر ہو گئی ہیں۔
’پِنک وِلا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق جیکلن فرنانڈیز نے ’دی گھوسٹ‘ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ جیکلن فلم سے کیوں باہر ہوئیں اس کی وجہ ابھی واضح نہیں ہو سکی ہے۔ لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سوکیش چندرشیکھر تنازعہ میں پھنسنے کی وجہ سے انہیں یہ فیصلہ لینا پڑا ہے۔ حالانکہ ’دی گھوسٹ‘ کے میکرس ابھی کسی دوسری اداکارہ کی تلاش نہیں کر رہے ہیں۔ انہیں جیکلن کی اس فلم میں واپسی کی امید ہے۔ واضح ہو کہ ناگارجن اور جیکلن کی جوڑی کو ساتھ دیکھنے کے لیے ان کے شیدائی کافی پرجوش تھے لیکن اب شاید ایسا نہیں ہو پائے گا۔
ذرائع کے مطابق جیکلن اس مشکل دور میں خود کو سنبھالنے کے لیے مذہبی کتابیں پڑھ رہی ہیں۔ ساتھ ہی وہ اپنے خیالات اور آئیڈیاز کو ڈائری میں لکھ بھی رہی ہیں۔ فینس امید کر رہے ہیں کہ جلد وہ پریشانیوں سے نجات پاکر فلموں میں واپسی کریں گی۔