نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نواب منصور علی خاں پٹودی اسپورٹس کمپلیکس میں 10 دنوں سے جاری انٹر فیکلٹی مقابلوں میں جیتنے والی ٹیموں کو اعزازات سے نوازنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد گیمس اینڈ اسپورٹس کے ڈائریکٹر پروفیسر وسیم احمد خاں کے ذریعے کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے پروفیسر وسیم احمد کی کوششوں کی تعریف کی جنھوں نے انتہائی لگن اور محنت سے یہ مقابلے منعقد کرائے۔

تقسیم انعامات کی تقریب میں میجر جنرل وشواس راؤ (ایس ایم ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دہلی ڈی ٹی ای، این سی سی) اور آئی اے ایس شاہ فیصل (حکومت ہند کی وزارت ثقافت میں نائب سکریٹری) نے بطور مہمان اعزازی شرکت کی۔ دونوں نے ہی اپنے خطاب میں کھیل کے تعلق سے جامعہ کی کوششوں کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر وسیم احمد نے پروفیسر نجمہ اختر کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون کے بغیر یونیورسٹی سطح پر اتنے بڑے مقابلے ممکن نہیں تھے۔

قابل ذکر ہے کہ 10 سے 21 مارچ تک چلنے والے انٹر فیکلٹی مقابلوں میں فٹبال، والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور باسکیٹ بال سمیت مجموعی طور پر 8 مقابلے ہوئے جن میں خواتین اور مرد زمروں کے 6 الگ الگ مقابلے تھے۔ 20 مارچ کو ایک فرینڈشپ میچ وائس چانسلر الیون اور رجسٹرار الیون کے درمیان ہوا جس میں وائس چانسلر الیون فتحیاب رہا۔ کورونا وبا کے بعد یہ مقابلے دو سال کے وقفے سے منعقد ہوئے جس کو لے کر طلبا و طالبات میں زبردست جوش دیکھنے کو ملا۔