نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن کی سالانہ تقریب کا انعقاد فیکلٹی آف انجینیرنگ کے آڈیٹوریم میں ہوا۔ سابق نائب شیخ الجامعہ پروفیسر تسنیم فاطمہ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی جبکہ ڈین آف اسٹوڈنٹس پروفیسر ابراہیم نے بطور مہمان اعزازی شرکت کی۔ تقریب میں ڈپارٹمنٹ کے طلبا و طالبات نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کر سب کے دل جیت لیے۔

صدر شعبہ پروفیسر ناہید ظہور نے سبھی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈپارٹمنٹ کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور ڈپارٹمنٹ کے سبھی کوآرڈینیٹرز کا ان کی کاوشوں کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے طلبا کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جامعہ کے اس شعبے سے فراغت حاصل کر کے جا رہے ہیں جسے ڈاکٹر ذاکر حسین اور مہاتما گاندھی جیسے لیڈران نے قائم کیا اور پروفیسر محمد مجیب، پروفیسر سلامت اللہ اور سعید انصاری جیسے لوگوں نے آبیاری کی۔ انھوں نے طلبا سے یہ بھی کہا کہ آپ جامعہ کے پیامبر بن کر عملی دنیا میں قدم رکھنے جا رہے ہیں، آپ کے ہر کام سے جامعہ کی عظمت کی بو آنی چاہیے۔

اس موقع پر مہمان اعزازی پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ فیکلٹی آف ایجوکیشن جامعہ کے لیے ایک وراثت کا درجہ رکھتی ہے اور اس سے قومی سطح کے لیڈران وابستہ رہے ہیں۔ مہمان خصوصی پروفیسر تسنیم فاطمہ نے اپنے خطاب میں سالانہ تقریب میں پیش کیے گئے ثقافتی پروگراموں کی بھرپور ستائش کی اور فارغ ہونے والے طلبا کو نیک خواہشات پیش کیں۔ ڈاکٹر تبسم نقی کے اظہار تشکر پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔