انسٹاگرام پر 40 ملین (4 کروڑ) فالووَرس کے ساتھ جنت زبیر نے فوربس کی انڈر-30 مشہور چہروں کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔ یہ کارنامہ انجام دے کر جنت زبیر نے انٹرنیٹ پر کئی بڑی شخصیتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے جنت زبیر نے اپنے خیر خواہوں اپنی کامیابی سے متعلق خبر دی۔

انسٹاگرام پر فالووَرس کی اتنی بڑی تعداد ہونے پر فوربس کی فہرست میں شامل کیے جانے سے جنت زبیر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر شیئر کی گئی تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے ’’یہ میری نوجوانی کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہونی چاہیے۔‘‘ اداکارہ کے خیر خواہ بھی ان کی اس بڑی حصولیابی سے کافی پُرجوش ہیں اور انہیں نیک خواہشات پیش کر رہے ہیں۔

غور طلب ہے کہ ٹی وی ادکارہ جنت زُبیر سوشل میڈیا پر بہت سرگرم رہتی ہیں۔ وہ مسلسل اپنی ویڈیوز اور منفرد انداز کی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں۔ ان کے دلچسپ پوسٹس کی وجہ سے فالووَرس کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے۔ 20 سالہ جنت زبیر کے کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے کلرس کے ٹی وی سیریل ’پھُلوا‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ اس کے بعد وہ ’تو عاشقی‘ اور ’ہچکی‘ جیسے شو میں نظر آئیں۔ فلم ’لو کا دی اینڈ‘ میں بھی انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ آخری مرتبہ وہ میوزک ویڈیو ’واللہ واللہ‘ میں دیکھی گئی تھیں۔