جان ابراہم کی فلم ’اٹیک‘ (پارٹ-1) کا ٹریلر ریلیز ہو گیا ہے۔ اس میں وہ دشمنوں کو شکست دینے کے لیے سپر سولجر بن کر تیار ہیں۔ ’اٹیک‘ میں جان ابراہم آرمی آفیسر کے کردار میں ہیں لیکن یہ کردار آرمی جوانوں جیسا نہیں ہے بلکہ اسے ٹیکنالوجی سے مزین ’سپر سولجر‘ کی شکل میں ڈھالا گیا ہے۔ ایک ایسا سپاہی جس کے جسم میں ٹیکنالوجی فٹ ہے۔ جان ابراہم کا یہ کردار کسی مشین کی طرح ہے جسے ٹیکنالوجی کی مدد سے سپر پاور دیا گیا ہے۔

ٹریلر میں جان ابراہم کے کردار کی ایک دلچسپ بات یہ دکھائی گئی ہے کہ اس کے لیے دو تاریخیں سب سے اہم ہیں۔ ایک وہ تاریخ ہے جس دن وہ اس دنیا میں آیا، اور دوسری وہ جس دن اسے یہ احساس ہوا کہ وہ کیوں اس دنیا میں آیا۔ فلم ’اٹیک‘ حقیقی واقعات سے متاثر ایک تھریلر فلم ہے جس میں جان ابراہم زبردست ایکشن کرتے ہوئے نظر آنے والے ہیں۔ فلم میں وہ ملک کے لیے دشمن کے علاقے میں گھس جاتے ہیں جس سے ان کی زندگی کا نقشہ پوری طرح بدل جاتا ہے اور ان کی جان پر بھی خطرہ منڈلانے لگتا ہے۔

فلم ’اٹیک‘ میں دیگر اداکاروں کی بات کریں تو اس میں جان ابراہم کے ساتھ جیکلین فرنانڈیز اور رَکل پریت سنگھ بھی اہم کردار میں نظر آنے والی ہیں۔ لکشیہ راج کی ہدایت کاری اور جینتی لال گڈا، جان ابراہم و اجئے کپور کے پروڈکشن میں بنی یہ فلم یکم اپریل کو پوری دنیا میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔