امریکی باشندہ جان ماشیٹا جونیئر کو لوگ ’موٹر ماؤتھ‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ یہ لقب انھیں اس لیے ملا کیونکہ وہ اپنی زبان سے الفاظ بالکل موٹر کی طرح نکالتے ہیں۔ بولنے میں ان کی تیز رفتاری دیکھ کر کوئی بھی حیران ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ 67 سالہ جان ماشیٹا جونیئر کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک منٹ میں 586 الفاظ بولنے کا ہنر رکھتے ہیں۔ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، کیونکہ ایک سیکنڈ میں 10 الفاظ کی ادائیگی غیر معمولی عمل ہے۔
جان ماشیٹا جونیئر نے اپنی تیز بولنے کی صلاحیت کے سبب ’گنیز ورلڈ ریکارڈ‘ میں اپنا نام درج کروایا تھا۔ حالانکہ بعد میں برطانوی باشندہ اسٹیو وُڈمور نے 1 منٹ میں 637 الفاظ بول کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس کے باوجود جان ماشیٹا کی صلاحیت کے لوگ دیوانے نظر آتے ہیں۔ ان کی زبان صاف اور سلیس ہے، یعنی جب وہ بولتے ہیں تو لوگوں کو سمجھنے میں دقت نہیں آتی۔
جان ماشیٹا جونیئر کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ایک بار اخبار میں انھوں نے پڑھا کہ تیز بولنے والوں کو اشتہارات میں بولنے کے لیے پیسے مل رہے ہیں۔ اسی وقت جان نے اس ہنر پر کام کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ انھوں نے 100 سے زائد اشتہارات میں مائیکرو مشین مین کی شکل میں کام کیا ہے۔ ان میں ’فیڈ ایکس‘ جیسی کمپنیوں کے اشتہارات بھی شامل ہیں۔ 1986 میں ریلیز ہوئی فلم ’ٹرانسفرمرس‘ میں جان نے بلر کے کردار کو آواز دی تھی۔