ہانگ کانگ کا مشہور تیرتا ہوا ریستوراں جمبو اب کسی کی مہمان نوازی نہیں کر پائے گا۔ یہ ریستوراں جنوبی چین کے سمندر میں 1000 میٹر تک ڈوب گیا ہے اور اسے بچانے کی کوششیں ناکام ہو رہی ہیں۔ جمبو کے غرقاب ہونے کا واقعہ ہانگ کانگ کے پیراسول جزیرہ کے پاس پیش آیا۔ دراصل کورونا وبا کے پیش نظر جمبو ریستوراں بہت دنوں سے بند تھا، اور اب جب حالات بہتر ہوئے تھے تو اس کو دوبارہ شروع کرنے میں معاشی مسائل سامنے آ رہے تھے۔ اس وجہ سے جمبو ریستوراں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ راستے میں خراب موسم کی وجہ سے مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا اور جمبو ریستوراں کا بڑا حصہ غرق ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمبو ریستوراں جہاں غرق ہوا ہے، وہاں گہرائی 1000 میٹر سے زیادہ ہے اس لیے بچاؤ اور راحت کاری میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ یہ ریستوراں برطانیہ کی مہارانی ایلزبتھ اور ہالی ووڈ سپراسٹار ٹام کروز جیسی ہستیوں کی مہمان نوازی کر چکا ہے۔ ہانگ کانگ پہنچنے والے سیاحوں کے لیے یہ مرکز کشش ہوا کرتا تھا۔
بہرحال، 46 سالوں سے لوگوں کی میزبانی کرنے والا یہ تیرتا ریستوراں اب تاریخ بن گیا ہے۔ ریستوراں کے مالک نے بتایا کہ اس کو دوبارہ شروع کرنے کی سبھی کوششیں ناکام ہو گئیں۔ اسے جب ہانگ کانگ کے ایبرڈین ہاربر سے ہٹایا جا رہا تھا تو وداعی کے لیے سینکڑوں لوگ جمع ہوئے تھے۔ اس سے پہلے کہ جمبو نئی جگہ پہنچتا، راستے میں ہی غرقاب ہو گیا۔