مشہور و معروف شاعر اور بالی ووڈ کی مقبول ہستی جاوید اختر کے ایک تازہ بیان نے کنگا رانوت کو بے انتہا متاثر کیا ہے۔ دراصل جاوید اختر گزشتہ دنوں پاکستان ایک تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ تقریب اُردو شاعر فیض احمد فیض کی یاد میں منعقد کی گئی تھی۔ اس دوران جاوید اختر سے کہا گیا کہ وہ اپنے ساتھ امن کا پیغام لے کر ہندوستان جائیں اور لوگوں کو بتائیں کہ پاکستانیوں نے ان کا محبت کے ساتھ استقبال کیا۔ جواب میں جاوید اختر نے کہا کہ ’’ممبئی میں 11/26 جیسے حملے دیکھنے کے بعد ہندوستانیوں سے اس کو بھولنے کی امید کرنا غلط ہے۔‘‘
جاوید اختر اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے، بلکہ یہ بھی کہہ ڈالا کہ ’’حملہ آور ناروے یا مصر سے نہیں تھے۔ وہ اب بھی آپ کے ملک میں موجود ہیں۔ اس لیے اگر کوئی ہندوستانی اس بارے میں شکایت کرے تو آپ کو ناراض نہیں ہونا چاہیے۔‘‘ ان بیانات کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جسے دیکھ کر اداکارہ کنگنا رانوت بہت خوش ہیں۔ ایک ویڈیو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کرتے ہوئے انھوں نے خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’’جب میں جاوید صاحب کی شاعری سنتی ہوں تو لگتا تھا یہ کیسے ماں سرسوتی جی کا ان پہ اتنا کرم ہے۔ لیکن دیکھو کچھ تو سچائی ہوتی ہے انسان میں، تبھی تو خدائی ہوتی ہے ان کے ساتھ میں… جئے ہند جاوید صاحب۔‘‘ آخر میں کنگنا نے یہ بھی لکھا کہ ’’گھر میں گھس کے مارا۔‘‘