اپنی آئندہ فلم ’اَترنگی رے‘ کے ٹریلر میں منفرد کردار میں نظر آنے والی سارہ علی خان ان دنوں سرخیوں میں ہیں۔ سارہ نے اپنے شیدائیوں سے جڑے رہنے کے لیے ’نمستے درشک‘ نام سے ایک سیریز بھی شروع کر دی ہے۔ اس سیریز میں وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مزاحیہ مواد ڈالتی رہتی ہیں۔ اس مرتبہ سارہ علی خان کرن جوہر کے ساتھ نظر آئیں۔ انھوں نے سب سے پہلے ’نمستے درشک‘ کہتے ہوئے کرن جوہر کا استقبال کیا اور ان سے سوال پوچھ ڈالا کہ ’’پارٹی میں مشروم ہمیشہ اِنوائٹیڈ کیوں ہوتا تھا؟‘‘ سارہ کے اس عجیب و غریب سوال پر کرن جوہر کنفیوز ہو گئے اور کچھ سیکنڈ سوچنے کے بعد جواب دینے سے معذرت کر لی۔ پھر سارہ نے اچانک کہا ’’کیونکہ وہ ایک فن-گائی تھا۔‘‘ یہ کہنے کے بعد سارہ اپنی ہنسی نہیں روک پاتی ہیں۔
’نمستے درشک‘ کے تحت ہی سارہ نے اپنی ایک عام دوست تانیا کے ساتھ کئی ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ اس میں وہ کبھی آٹو کی سواری کرتی نظر آئیں تو کبھی آئس کریم پارلر میں۔ سارہ فلم ’اَترنگی رے‘ کے پروموشن میں بھی سرگرم ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ اکشے کمار اور جنوبی ہند کے سپراسٹار دھنش ہیں۔ فلم میں سارہ کا کردار ایسی لڑکی کا ہے جو 21 مرتبہ اپنے عاشق کے ساتھ بھاگنے کی کوشش کر چکی ہے، لیکن اس کی شادی ایک تیلگو لڑکے سے زبردستی کرا دی جاتی ہے۔ فلم میں سہ رخی عشق کو بے حد الگ انداز میں دکھایا گیا ہے۔