گزشتہ 3 اکتوبر کو آئی پی ایل میں سنرائزرس حیدر آباد اور کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا جس میں شاہ رخ خان کی ٹیم کولکاتا کو فتحیابی ملی تھی۔ لیکن اس میچ میں سنرائزرس کی طرف سے پہلا میچ کھیلنے والے تیز گیندباز عمران ملک نے لوگوں کو بہت متاثر کیا۔ انھوں نے آئی پی ایل 2021 میں کسی بھی ہندوستانی گیندباز کے مقابلے سب سے تیز 151.03 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینک کر لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔

عمران ملک نے اپنے پہلے اوور کی تیسری گیند 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پھینک کر ظاہر کر دیا تھا کہ ان میں کچھ الگ ہے۔ 21 سالہ اس کھلاڑی نے میچ کے دوران جو 24 گیندیں پھینکیں، ان میں سے 11 گیندیں 145 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ کی تھیں۔ اس کارکردگی کو دیکھ کر جموں و کشمیر کے ہی کھلاڑی پرویز رسول نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اس کھیل میں لمبی ریس کا گھوڑا ثابت ہوں گے۔ رسول نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب میں نے اسے نیٹس میں کھیلا تو وہ تیز تھا۔ آئی پی ایل میں وہ ایک الگ سطح پر نظر آیا۔ وہ بہت باصلاحیت لڑکا ہے۔‘‘ انھوں نے اس راز سے بھی پردہ اٹھایا کہ ضلع اسپورٹس کونسل کے کوچنگ کیمپ میں شامل ہونے سے قبل عمران 500 یا 1000 روپے فیس لے کر ٹینس بال کرکٹ کھیلتا تھا۔