آپ کو یاد ہوگا 24 اکتوبر 2021 کو دبئی میں کھیلے گئے ٹی-20 عالمی کپ کا ہند-پاک میچ۔ اس مقابلے میں پاکستان کے ہاتھوں ہندوستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعد ازاں ہندوستان میں کچھ مقامات سے خبریں آئی تھیں کہ پاکستان کی جیت کا جشن منایا گیا۔ کچھ ایسا ہی الزام آگرہ واقع آر بی ایس انجینئرنگ کالج بچپوری میں تعلیم حاصل کر رہے تین کشمیری طلبا پر لگا جنھیں 28 اکتوبر کو گرفتار کر جیل میں بند کر دیا گیا تھا۔ چھ ماہ بعد اب ان تینوں طلبا کی ضمانت پر رِہائی ہوئی ہے اور وہ کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان طلبا کے نام ہیں ارشید یوسف، عنایت الطاف اور شوکت احمد غنی۔ ہندوستان پر پاکستان کی فتح کے بعد ان تینوں نے مبینہ طور پر جشن منایا اور واٹس ایپ پر اسٹیٹس بھی ڈالا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا تھا۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد کالج انتظامیہ نے تینوں کو معطل کر دیا اور بی جے پی یوتھ وِنگ لیڈر گورو راجاوت نے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا دیا۔ پھر پولس نے ملزمین کو گرفتار کر جیل میں ڈال دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ 30 مارچ کو ہائی کورٹ نے ملزمین کی درخواست ضمانت منظور کر رہائی کا حکم دے دیا تھا، لیکن آگرہ اور متھرا سمیت دیگر ضلعوں میں انھیں کوئی ضمانت دار نہیں ملا۔ بعد ازاں کشمیر میں رہنے والے رشتہ دار ضمانت دار بنے اور 25 اپریل کی شام انھیں رہائی مل سکی۔