بالی ووڈ اداکارہ کیٹرینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی اب بھی سرخیوں میں بنی ہوئی ہے۔ تازہ خبر یہ ہے کہ اس نئے جوڑے پر کمرشیل تحائف کی بارش شروع ہو گئی ہے۔ مالدیپ سے چھٹیاں منا کر ممبئی لوٹے وکی اور کیٹرینہ کو کئی پروجیکٹس ساتھ میں آفر ہوئے ہیں۔ ان میں ایک کمرشیل پروجیکٹ ہیلتھ پروڈکٹ کا ہے جسے انہوں نے سائن بھی کر لیا ہے اور جلد ہی اس کی شوٹنگ ہونے والی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں جوڑے ایک لگژری برانڈ کے اشتہار میں بھی ساتھ نظر آنے والے ہیں۔ حالانکہ کیٹرینہ-وکی کے مداحوں کو سب سے زیادہ انتظار دونوں کو ایک ساتھ فلم میں دیکھنے کا ہے۔ جس طرح سے یہ جوڑا پورے بالی ووڈ میں سرخیوں میں بنا ہوا ہے، اس سے ایسا لگتا ہے کہ جلد ہی انہیں کسی بڑی فلم کا آفر ملنے والا ہے۔ وکی کوشل اور کیٹرینہ کیف کے انفرادی پروجیکٹس کی بات کریں تو کیٹرینہ جلد ہی سلمان کے ساتھ ٹائیگر-3 کی شوٹنگ شروع کرنے والی ہیں، جبکہ وکی ’دی اِمورٹل اشوتھاما‘ کی شوٹنگ کے لیے اندور روانہ ہوں گے۔

شادی کے بعد بالی ووڈ جوڑوں کے ایک ساتھ کام کرنے کا یہ پہلا معاملہ نہیں ہے۔ ماضی میں بھی ایسی کئی مثالیں دیکھنے کو ملی ہیں جب شادی کے بعد مشہور جوڑے کسی اشتہار میں ساتھ نظر آئے۔ دیپیکا-رنویر، وراٹ-انوشکا، سیف-کرینہ جیسے مشہور جوڑے بھی ایک ساتھ کئی کمرشیل میں کام کر چکے ہیں۔ ان جوڑوں کو لوگوں نے بھی ایک ساتھ خوب پسند کیا۔