کیٹرینا کیف اور وکی کوشل نے ابھی تک اپنی شادی سے متعلق خبروں پر مہر نہیں لگائی ہے، لیکن خصوصی ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کی منصوبہ بندی شروع ہو چکی ہے۔ میڈیا میں آ رہی خبروں پر یقین کریں تو کیٹرینا اور وکی کی شادی راجستھان کے شاہی انداز میں ہوگی۔ سوائی مادھوپور کے 700 سال قدیم قلعہ یعنی ’سکس سینس فورٹ‘ (برواڑا) اس شادی کا گواہ بننے والا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق کیٹرینا اور وکی شادی میں بہت زیادہ بھیڑ نہیں چاہتے، اسی لیے ابھی تک شادی کی تاریخ یا منصوبہ بندی کو لے کر میڈیا کو کچھ بھی جانکاری نہیں دی ہے۔

ایک اندازہ کے مطابق کیٹرینا اور وکی کی شادی 7 سے 11 دسمبر کے درمیان ہو سکتی ہے۔ ایسا اس لیے کہا جا رہا ہے کیونکہ برواڑا واقع ریسورٹ میں ان 5 دنوں کے لیے آن لائن بکنگ بند ہے۔ خبر تو یہ بھی ہے کہ کیٹرینا کیف کی شادی کے لیے لباس مشہور فیشن ڈیزائنر سبیاساچی کے ذریعہ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس درمیان وکی کے والد شام کوشل اور کیٹرینا کے قریبی رشتہ دار چنندہ فون کالس کا ہی جواب دے رہے ہیں۔ شادی کے تعلق سے یہ کچھ بھی بیان دینے سے پرہیز کر رہے ہیں۔

جہاں تک ’سکس سینس فورٹ‘ کی بات ہے، اس میں دو محل اور چہار دیواری کے اندر دو مندر موجود ہیں۔ 5.5 ایکڑ کی یہ سائٹ 6 میٹر اونچی ایک موٹی چٹان سے گھری ہوئی ہے۔ اس میں 48 مہمانے خانے بھی ہیں۔