کون بنے گا کروڑپتی-13 کے ’شاندار شکروار‘ کا نیا پرومو سامنے آیا ہے۔ اس میں مشہور اداکار جان ابراہم اور اداکارہ دِویا کھوسلا کمار مہمان کے طور پر نظر آ رہے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس پرومو میں جسمانی اور ذہنی طور پر کافی مضبوط جان ابراہم روتے نظر آ رہے ہیں۔ پرومو میں ان کو جذباتی ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ان کی آنکھوں میں آنسو دکھائی پڑ رہے ہیں۔ اب لوگوں کو اس نئے ایپی سوڈ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ سبھی جاننا چاہتے ہیں کہ جان آخر کس وجہ سے اس قدر جذباتی ہو گئے۔

دراصل ’کے بی سی-13‘ میں جان ابراہم اور دویا کھوسلا کمار اپنی آئندہ فلم ’ستیہ میو جیئتے-2‘ کو پروموٹ کریں گے۔ پرومو میں دکھایا گیا ہے کہ جان اپنی وائبرنٹ انٹری سے اسٹیج پر جان ڈال دیتے ہیں۔ جان یہاں اپنے ’ایکشن مووس‘ دکھاتے ہیں جس پر امیتابھ مذاقاً کہتے ہیں کہ ’’آپ ماریں گے کیا؟‘‘ اس کے بعد جان ابراہم بگ بی کو فٹبال کے کچھ ٹرکس بھی دکھاتے ہیں۔

امیتابھ کے ساتھ ہنسی مذاق اور بات چیت کا سلسلہ چل ہی رہا تھا کہ اچانک کسی بات پر جان ابراہم جذباتی ہو جاتے ہیں، ان کی آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں۔ یہ دیکھ کر اسٹیج پر خاموشی چھا جاتی ہے۔ امیتابھ کی آنکھیں بھی نم ہو جاتی ہیں اور ہر کوئی اُداس نظر آتا ہے۔ جان کو آخر کس بات پر رونا آیا، یہ تو نیا ایپی سوڈ دیکھنے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔