بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر نے ایک بار پھر اشتعال انگیز اور متنازعہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے کرناٹک کے شیوموگا میں ایک تقریب کے دوران ہندوؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اپنے گھروں میں چاقوؤں کو تیز کر کے رکھیں، کیا پتہ کب کیسی حالت ہو جائے۔‘‘ یہ بیان انھوں نے کرناٹک میں ایک ہندو کارکن کی موت کا تذکرہ کرتے ہوئے دیا اور ساتھ ہی کہا کہ ’’اگر کوئی ہندوؤں کے وقار پر حملہ کرتا ہے تو ہندوؤں کو جواب دینے کا پورا حق ہے۔‘‘

مدھیہ پردیش کے بھوپال سے رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر نے ہندو طبقہ سے اپیل کی کہ وہ کم از کم اپنے گھروں میں چاقوؤں کو تیز کر کے رکھیں، کیونکہ سبھی کو اپنی حفاظت کرنے کا حق حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’دراصل جہاد ان (مسلمانوں) کی روایت ہے۔ اگر کچھ نہیں ہوتا تو وہ لو جہاد کرتے ہیں۔ ہم ہندو بھی پیار کرتے ہیں، بھگوان سے پیار کرتے ہیں۔‘‘

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے پرگیہ ٹھاکر کہتی ہیں ’’سنیاسی کہتے ہیں کہ یہ دنیا جسے بھگوان نے بنایا ہے، اس میں سبھی گنہگاروں کا خاتمہ ہو۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو یہاں محبت کی حقیقی تعریف بچ نہیں پائے گی۔ اس لیے انھیں جواب دیں جو لو جہاد جیسے کاموں میں شامل ہیں۔ اپنی لڑکیوں کو بچائیں، انھیں صحیح اقدار سکھائیں۔‘‘ پھر انھوں نے کہا کہ اپنے گھروں میں ہتھیار رکھیے۔ اگر کچھ نہیں تو جس چاقو سے سبزی کاٹتے ہیں، انھیں ہی تیز کر کے رکھیے۔ کیا پتہ کب کیسے حالات بن جائیں۔