آر ایس ایس کی نفرت بھری سیاست اور اس کے نظریات سے بچوں کو دور رکھنے کے لیے کانگریس نے کیرالہ میں جو ’جواہر بال منچ‘ پروجیکٹ کئی سال قبل شروع کیا تھا، اب اسے پورے ہندوستان میں پھیلانے کا منصوبہ ہے۔ کیرالہ میں اس پروجیکٹ کے ذریعہ کانگریس نے نئی نسل کو اپنی طرف خوب متوجہ کیا، اور اسی کا نتیجہ ہے کہ قومی سطح پر ’جواہر بال منچ‘ نام سے نیا محکمہ تشکیل دیا گیا ہے جو 7 سے 17 سال کے بچوں کے درمیان کام کرے گا۔
کانگریس لیڈر اور حقوق اطفال کارکن جی وی ہری نے مذکورہ پروجیکٹ کے تعلق سے نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔ ’جواہر بال منچ‘ کے چیف بنائے گئے جی وی ہری نے اس دوران بتایا کہ کیرالہ کانگریس گزشتہ 15 سالوں سے یہ پروجیکٹ چلا رہی ہے جس کے ذریعہ اب تک تقریباً ڈھائی لاکھ بچوں کو تربیت دی جا چکی ہے۔
جی وی ہری کا کہنا ہے کہ کیرالہ میں ’جواہر بال منچ‘ کی کامیابی کو دیکھ کر ہی قومی سطح پر اس کی ضرورت محسوس کی گئی جس کے بعد گزشتہ سال پانچ ریاستوں میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا تھا۔ کانگریس پارٹی کے ذریعہ باضابطہ اعلان کے بعد اب ملک بھر میں ’جواہر بال منچ‘ کے کیرالہ ماڈل کی توسیع ہوگی۔ ہری نے یہ بھی بتایا کہ آر ایس ایس کی ٹریننگ اور کانگریس ماڈل کی ٹریننگ میں بنیادی فرق سیکولرزم کا ہے اور یہی اس ماڈل کی کامیابی کی وجہ بھی ہے۔