شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن کے سخت فیصلوں اور پابندیوں کی ایک نئی مثال سامنے آئی ہے۔ انھوں نے لوگوں کے ہنسے، رونے، شاپنگ کرنے اور شراب نوشی پر 11 دنوں کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کم جونگ اُن نے یہ پابندی اپنے والد اور ملک کے سابق حکمراں ’کم جونگ اِل‘ کی 10ویں برسی کے پیش نظر لگائی ہے۔ 17 دسمبر یعنی جمعہ سے یہ پابندی نافذ رہے گی اور آنے والے 11 دنوں تک سبھی کے لیے ہنسنا-رونا ممنوع ہوگا۔

ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران اگر کسی کے گھر میں موت ہوتی ہے، تو وہ زور زور سے رو بھی نہیں سکتا۔ محفل و تقاریب، شاپنگ وغیرہ پر سختی کے ساتھ پابندی کے احکامات بھی صادر کر دیے گئے ہیں۔

ان پابندیوں کے بارے میں سنوئجو شہر کے ایک باشندہ کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ اس کے مطابق ’مدتِ غم‘ یعنی 17 دسمبر سے ہمیں شراب نہیں پینی، ہنسنا نہیں ہے، اور کھیل-کود میں بھی شامل نہیں ہونا ہے۔ اس نے ساتھ ہی کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں جو بھی شخص اس مدتِ غم میں شراب نوشی کرتا پکڑا گیا اسے گرفتار کر لیا گیا، وہ پھر کبھی دکھائی نہیں دیا۔ غور طلب ہے کہ مدتِ غم ہر سال 10 دنوں کا ہوتا تھا، لیکن اس بار کم جونگ اِل کی 10ویں برسی ہے اس لیے اس کو بڑھا کر 11 دن کر دیا گیا ہے۔